
اسلام آباد : وفاقی حکومت نے چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پرملک بھر میں سیکیورٹی کے لیے پاک فوج اور سول آرمڈ فوسز تعیناتی کی منظوری دے دی۔ وزارت داخلہ کی سمری پر وفاقی حکومت سے منظوری سے فورسز کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔ وفاقی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور چاروں صوبوں کیلئے پاک فوج کی خدمات کی منظوری دی۔ سیکیورٹی صورتحال مانیٹر کرنے کیلئے وزارت داخلہ میں سینٹرل کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ چہلم امام حسین کے موقع پر پاک فوج، سول حکومت کی مدد کیلئے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے گی۔ انہوں نےمزید کہا کہ پاک فوج کے ساتھ رینجرز، ایف سی اور دیگر فورسز بھی سیکیورٹی خدمات سرانجام دینگی، پاک فوج کے جوان پہلے ہی سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے کاموں پر مامور ہیں۔


































