
اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات قابل ذکر نہیں۔ پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے عالمی برادری سے امداد کی اپیل کرتا ہوں۔ انتونیو گوتریس نے وزیر اعظم ہاؤس کا دورہ کیا جہاں ان کا استقبال وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کیا۔ سیلاب زدگان کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ایک تہائی حصہ سیلاب سے متاثر ہے اور پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں سے نمٹ رہا ہے تاہم موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات قابل ذکر ہیں۔انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کو روکا نہیں جاسکتا اور نہ ہی اس کے ساتھ مزاحمت کی جاسکتی ہے، پاکستان میں پاک فوج اور متعلقہ ادارے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے سرگرم ہیں۔ پاکستان وہ ملک ہے جس نے لاکھوں مہاجرین کو پناہ دی ہوئی ہے۔انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان میرے دل کے قریب ہے اور متاثرین کے لیے عالمی برادری سے امداد کی اپیل کرتا ہوں، ہماری کوشش ہے کہ ہم پاکستان کی اس مشکل گھڑی میں بھرپور مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو مدد فراہم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے اور متاثرین کو ریلیف فراہمی کے لیے تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں جو کہ قابل تحسین ہے۔ میں پاکستان کے لیے اجنبی نہیں ہوں اور پاکستان سے شناسائی طویل عرصے سے ہے۔سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ پاکستان میں بلاشبہ صورتحال سنگین ہے اور بڑے پیمانے پر امداد کی ضرورت ہے۔ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے پاکستان سمیت تمام ممالک کو کام کی ضرورت ہے اور اگر آج پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے زیر اثر ہے تو کل کوئی اور ملک ہو گا۔ ہمیں اس سے نمٹنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے ہوں گے۔


































