
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے ایک اور رہنما سینیٹر اعظم خان سواتی کو گرفتار کرلیا گیا۔ جبکہ وزیراعظم شہبازشریف اور ان کے بیٹے منی لانڈرنگ کے مقدمے سے بری ہوگئے۔ سینیٹر اعظم سواتی کو فیڈرل انویسٹی گیشن بیورو نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں گرفتار کیا۔ انہیں رات گئے اسلام آباد میں اُن کے گھر سے حراست میں لیا گیا۔ اعظم سواتی کی بیٹی نے والد کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ اعظم سواتی نے گذشتہ رات آرمی چیف کے خلاف ٹوئٹ کی تھی جس کے فوری بعد ان کے گھرپر چھاپہ مارا گیا۔ دوسری جانب لاہور کی خصوصی عدالت نے 16 ارب کی منی لانڈرنگ کے کیس میں وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو بری کردیا عدالت نے ایف آئی اے کیس میں بریت کی درخواستیں منظور کر لیں۔


































