
غزہ : صیہونی فوج نے غزہ میں چند گھنٹوں کے بعد ایک اور اسکول پر حملہ کردیا۔صبح سے جاری حملوں میں شہدا کی تعداد چالیس ہوگئی۔ صیہونی فوج نے الشاطی کیمپ میں کفر قاسم اسکول پر حملہ کیا۔ جہاں پناہ گزینوں کی بڑی تعداد مقیم ہے۔ حملے میں سات فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔ اس سے پہلے صیہونی فوج نے غزہ سٹی میں الزیتون اسکول کی عمارت پر میزائل داغے جس سے عمارت کو نقصان پہنچا۔ حملے میں شہدا کی تعداد بیس ہوگئی ہے۔ دونوں حملوں میں زیادہ تر بچے اور خواتین شہید ہوئیں۔ ادھر دیر البلاح میں دیواس خاندان کے مکان کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں چار افراد شہید ہوگئے۔ غزہ سٹی میں ایک اسٹور پر میزائل حملے میں ایک فلسطینی شہید اور تیرہ زخمی ہوگئے۔ ادھر مغربی کنارے میں بھی صیہونی فوج کا آپریشن جاری ہے۔ کارروائی کے دوران اسلامک جہاد کے پانچ مزاحمت کار شہید ہو گئے۔


































