
احمدآباد: بھارت میں مسلم طلبا کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا، ریاست گجرات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے چھٹی تا بارہویں جماعتوں کے نصاب میں ہندوؤں کی مقدس کتاب ’بھگوت گیتا‘ کو پڑھنا لازمی قرار دے دیا ہے۔ حکومتی سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی ثقافت اور افکار و نظریات کو اسکول کے نصاب میں شامل کررہے ہیں، بھگوت گیتا میں ذکر کردہ اقدار، اصول اور عقائد کو تمام مذاہب کے لوگ قبول کرتے ہیں۔ گجرات کے وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ بھگوت گیتا کے مضامین کو بعد میں کہانیوں، مباحثوں، ڈراموں اور کوئزز وغیرہ کی شکل میں متعارف کرایا جائے گا، جس کا خرچہ حکومت برداشت کریگی جبکہ بارہویں جماعت کے طلبا کیلئے مقدس کتاب کا تفصیلی تعارف بھی پیش کیا جائے گا۔


































