تحریر: اعجاز علی
گورنر بلوچستان کی تبدیلی کا معمہ تو سمجھ میں آگیا۔ ایسا اس لئے کیا گیا کہ بلوچستان میں نظر انداز ہونے کا رونا رونے والی پی ٹی آئی کی صوبائی کابینہ کو اعتماد میں لیا جائے۔ گورنر کا عہدہ پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنماء سید ظہور آغا کے سپرد کر دیا گیا، تاکہ صوبائی قیادت کا وفاق سے شکایات کا سلسلہ کم ہو۔ دوسری جانب شاہ زین بگٹی کو بلوچستان میں باہمی مفاہمت اور ہم آہنگی کے معاملات پر وزیراعظم کا معاون خصوصی اس لئے مقرر کیا گیا کہ بلوچستان میں ناراض بلوچوں سے بات چیت ہوسکے اور ملک کا ایک بہت بڑا مسئلہ حل ہو۔ مگر سوال یہ ہے کہ کیا شاہ زین بگٹی کی تقرری واقعی اس مسئلے کے حل کی جانب ایک قدم ہے۔؟
2018ء کے عام انتخابات کے بعد قومی اسمبلی میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء اختر جان مینگل نے عمران خان کی حمایت کرتے ہوئے حکومت سے کچھ مطالبات کئے، جن میں مغوی بلوچوں کی رہائی سمیت بلوچستان سے متعلق بعض دیگر مطالبات شامل تھے۔ اقتدار سنبھالنے کے بعد وزیراعظم ان کے مطالبات پورے نہ کرسکے، جس کی وجہ سے بی این پی کے قائد نے حکومت کی حمایت ترک کر دی۔ اختر جان مینگل نے بعد میں اپنے بیانات میں کہا کہ وزیراعظم مجھ سے کہتے ہیں کہ ان معاملات پر آپ آرمی چیف سے رجوع کریں۔ بلوچستان نیشنل پارٹی بلوچستان میں ان بلوچوں کی آواز ہے، جو حکومت اور حکومتی پالیسیوں سے نالاں ہیں اور وزیراعظم نے اختر جان مینگل کو یہی پیغام دیا ہے کہ ان کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔
گذشتہ پانچ دنوں میں کوئٹہ میں مسلسل دہشتگردی کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ پہلے ریڈ زون جیسے حساس علاقے میں سرینا ہوٹل کے قریب دھماکہ ہوا، جس کا نشانہ پولیس اہلکار تھے۔ اس کے فوراً بعد سریاب روڈ پر واقع قومی پرچم فروخت کرنے والے اسٹال پر دستی بم حملہ ہوا، پھر سبزل روڈ پر قومی پرچم کی دکان پر اور سریاب روڈ پر ایک بار پھر قومی پرچم فروخت کرنے والوں کو دستی بم حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ بروری روڈ پر بھی اسی نوعیت کا حملہ ہوا، البتہ اس میں فرق اتنا تھا کہ وہ قومی پرچم کی نہیں بلکہ درزی کی دکان تھی۔ ان میں سے بعض واقعات کی ذمہ داری علیحدگی پسند جماعت بی ایل اے نے قبول کی، یہ بھی عین ممکن ہے کہ سارے واقعات کی ذمہ داری انہوں نے قبول کی ہو، مگر میڈیا پابندی کی وجہ سے ان کے سارے پیغامات ہم تک نہ پہنچے ہوں۔
صوبائی وزارت داخلہ نے پولیس اور ایف سی کی نفری تعینات کرکے قومی پرچم کے اسٹالز اور دکانوں کی حفاظت کا بندوبست تو کر لیا مگر یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ اگست کے مہینے میں یوم آزادی کے قریب آتے ہی صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں پاکستان کا قومی پرچم فروخت کرنے والی متعدد دکانوں اور اسٹالز پر دستی بم کے حملوں کا سلسلہ اور بی ایل اے کا ان واقعات کی ذمہ داری قبول کرنا، ہمارے سوال کا جواب ہے کہ علیحدگی پسند جماعت حکومت سے راضی نہیں اور بی این پی کو وزیراعظم کا جواب اس بات کی علامت ہے کہ ناراض بلوچ شاہ زین بگٹی کی تقرری سے راضی نہیں ہیں۔
عین ممکن ہے کہ اس معاملے میں حکومت کی اپروچ ہی غلط ہو۔ اس بات میں تو کوئی دو رائے نہیں کہ شاہ زین بگٹی کا نواب اکبر بگٹی سے ایک تعلق ہے، مگر ناراض بلوچ بھی ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے نہیں ہیں۔ بگٹی خاندان میں تقسیم بندی بھی بلوچوں میں مختلف افکار کی ایک وجہ ہے۔ اس کے علاوہ بلوچوں میں دیگر جماعتیں بھی ہیں، جنہیں اعتماد میں لینا ضروری ہے۔ دوسری بات یہ بھی ہوسکتی ہے کہ علیحدگی پسند بلوچوں کے نزدیک حکومت کا حمایتی ہونا شاید ایک پسندیدہ عمل نہ ہو، اسی لئے یوم آزادی پر ان کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ایسا ممکن نہیں ہے کہ علیحدگی پسند بلوچ مکمل طور پر فقط جنگ ہی چاہتے ہوں، کیونکہ وہ بھی ماضی کے تجربے سے یہ جان چکے ہیں کہ ریاست سب سے زیادہ طاقتور ہے، جس سے ٹکرایا نہیں جا سکتا۔
اس وقت ناراض بلوچوں کی جانب قدم بڑھانے کا بہتر طریقہ شاہ زین بگٹی کے بجائے بی این پی کی جانب آگے بڑھنا ہے، کیونکہ بلوچستان نیشنل پارٹی کم از کم اس پوزیشن میں ہے کہ بلوچ عوام ان پر اعتماد کا اظہار کرے۔ اگر بلوچستان کی تمام بلوچ جماعتوں کو وفاقی حکومت اعتماد میں لے تو اس مسئلہ کا حل اور جلدی ممکن ہے، کیونکہ کسی نہ کسی طرح یہ جماعتیں اپنے لوگوں کو کنوینس کرسکتی ہیں۔ مگر اس میں مسئلہ یہ ہے کہ صوبائی حکومت کی ان جماعتوں سے نہیں بنتی۔ اگر وفاق سنجیدگی کا اظہار کرتے ہوئے بلوچستان پر کام کرے تو جیسے جیسے صوبے میں بہتری آئے گی، عین ممکن ہے کہ ناراض بلوچوں کے ساتھ ساتھ علیحدگی پسند بلوچوں کو بھی اس بات کا احساس ہو کہ ریاست کا رویہ تبدیل ہوچکا ہے۔
































