
تل ابیب : ایران اور اس کے حامی مزاحمتی گروپوں کے حملے کے خوف سے اسرائیل میں خوف کی فضا ہے۔ سرکاری، اداروں اور شہریوں کی سطح پر طبی سامان، کھانے پینے کی اشیا، ایندھن اور دوسری چیزوں کو ذخیرہ کیا جارہا ہے۔ اسرائیلی ایمبولینس سروس نے ایک قلعہ بند زیر زمین مرکز میں بلڈ سمیت دیگر سامان ذخیرہ کر لیا ہے۔ فیکٹریوں نے خطرناک مواد کو ٹھکانے لگا دیا ہے۔ میونسپل حکام پناہ گاہوں کا معائنہ کر رہے ہیں اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ اسرائیل کئی مہینوں سے اپنے داخلی محاذ کو مضبوط کر رہا ہے اور اکتوبر میں غزہ میں جنگ کے آغاز کے بعد سے بہت سے اقدامات کر چکا ہے۔ تاہم گزشتہ 10 روز میں تیاری کی رفتار میں بڑی تیزی آگئی ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے فوج میں بھرتی ہونے والے نئے جوانوں کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ میں جانتا ہوں کہ اسرائیل کے شہری چوکنا ہیں اور میں آپ سے کہتا ہوں کہ صبر کریں اور پرسکون رہیں۔ ہم دفاع اور حملہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اسرائیلی فوج نے زیادہ سے زیادہ الرٹ کی حالت کا اعلان کیا اور ہفتے کے آخر میں ہوائی حملے کے سائرن اور نشریاتی انتباہ کے لیے اپنے قومی نظام کو مضبوط کیا تاکہ نشانہ بنائے گئے علاقوں کے رہائشیوں تک ٹیکسٹ پیغامات بھی بھیجے جا سکیں۔ بہت سی مقامی کونسلوں نے رہائشیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری سرگرمیوں کو محدود کریں۔ حملوں سے محفوظ علاقوں کے قریب رہیں اور بڑے اجتماعات سے گریز کریں۔


































