
خرطوم : سوڈان کی فوج نے برطرف وزیراعظم کو دوبارہ بحال کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ فوجی سربراہ عبدالفتاح البرہان اور معذول وزیر اعظم عبداللہ حمدوک کے درمیان ملاقات ہوئی۔جس میں سمجھوتہ طے پاگیا۔ عبداللہ حمدوک نے شرط رکھی ہے کہ ان کا تقرر فوجی سربراہ کی جانب سے عمل میں نہیں آئے گا۔انہوں نے ٹیکنوکریٹس کی حکومت تشکیل دینے کے موقف پر قائم رہنے کا اظہار بھی کیا۔
امہ پارٹی کےفادللہ برما ناصر نے بتایا کہ عبداللہ حمدوک ٹیکنو کریٹس پر مشتمل خود مختار کابینہ تشکیل دیں گے۔ فوج اور سیاسی جماعتوں کے درمیان معاہدے میں یہ بھی طے پایا ہے کہ تمام سیاسی اسیروں کو رہا کیا جائے گا۔ اکتوبر میں فوجی بغاوت کے بعد وزیراعظم کو گھر میں نظربند کر دیا گیا تھا۔فوج بغاوت کے بعد ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا ۔مغربی طاقتوں نے سوڈان میں سیاسی قوتوں کی حمایت کی تھی، جبکہ فوج کی مذمت کرنے کے ساتھ سوڈان کے لیے کچھ معاشی امداد روک دی تھی۔


































