
بغداد : امریکا اور عراق کے درمیان عراق سے امریکی زیر قیادت اتحادی افواج کے انخلاء کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ نیوز ایجنسی رائٹرز کے مطابق سینکڑوں فوجی ستمبر 2025 اور باقی ماندہ فوجی 2026 کے آخر تک عراق سے چلے جائیں گے۔ ایک سینئر امریکی اہلکار نے بتایا کہ ہم ایک معاہدے پر پہنچ چکے ہیں اور اب یہ صرف یہ بات باقی ہے کہ اس کا اعلان کب کیا جائے گا۔ دونوں ممالک ایک نیا مشاورتی رشتہ قائم کرنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں جس سے انخلا کے بعد کچھ امریکی افواج عراق میں رہ سکیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر سرکاری اعلان چند ہفتے قبل جاری ہونا تھا لیکن غزہ کی پٹی میں جنگ سے متعلق علاقائی کشیدگی اور کچھ باقی تفصیلات کو حل کرنے کی وجہ سے اسے ملتوی کر دیا گیا۔ عراقی وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ تعلقات فرہاد علاء الدین نے کہا ہے کہ انخلا کے بارے میں واشنگٹن کے ساتھ تکنیکی بات چیت ختم ہو گئی ہے۔ یہ معاہدہ بغداد اور واشنگٹن کے درمیان چھ ماہ سے زیادہ کی بات چیت کے بعد سامنے آیا ہے۔ یہ بات چیت جنوری میں عراق میں امریکی اڈوں پر حملوں کے دوران وزیر اعظم محمد شیاع السوڈانی نے شروع کی تھی۔


































