
واشنگٹن: امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کو خفیہ مذاکرات میں یورینیم افزودگی ختم کرنے کے بدلے میں تیس ارب ڈالر کی فراہمی اور پابندیوں میں نرمی کی پیشکش کی ہے۔ امریکی پیشکش کا مقصد ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پرلانا ہے۔ سی این این کے دعوے کے مطابق مذاکراتی کوششیں دو ہفتوں کی حالیہ ایران اسرائیل کشیدگی کے دوران بھی پس پردہ جاری رہیں اور جنگ بندی کے بعد بھی رابطے برقرار ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق یہ تمام تجاویز ابتدائی اورغیر حتمی ہیں اور مذاکراتی عمل ابھی جاری ہے۔تاہم ایران کا یورینیم افزودگی کے حق پر اصرار سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ سی این این کے مطابق ایک اہم تجویز یہ تھی کہ ایران کے لیے 20 سے 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے ذریعے ایک نیا غیر افزودہ جوہری پروگرام شروع کیا جائے۔ اس کیلئے سرمایہ خلیجی عرب ممالک سے فراہم کیا جائے گا۔ سی این این کو فراہم کردہ ابتدائی مسودے کے مطابق ایران کے لیے دیگر ممکنہ مراعات میں بعض پابندیوں کی جزوی منسوخی اور 6 ارب ڈالر کے منجمد اثاثوں کی بحالی شامل ہے، جن تک ایران کی رسائی فی الحال محدود ہے۔


































