
نیویارک : اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکا کو بڑی رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔ روس اور چین نے ایران پر عائد پابندیوں کی نگرانی کے لیے ماہرین کا مینڈیٹ بڑھانے کی امریکی حمایت یافتہ قرارداد ویٹو کردی۔
سلامتی کونسل کے گیارہ ارکان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔ پاکستان اور صومالیہ غیر حاضر رہے جبکہ چین اور روس نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ قرارداد کا مقصد ایران پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کرنے والے آزاد ماہرین کا مینڈیٹ برقرار رکھنا تھا۔ ایرانی مشن نے روس اور چین کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے امریکی قرارداد کو سیاسی مقاصد پر مبنی قرار دیا۔ امریکا نے خبردار کیا کہ آزاد ماہرین کے بغیر پابندیوں کی خلاف ورزیوں سے متعلق غیر جانبدار نگرانی میں خلا پیدا ہوگا۔ روس کے اقوام متحدہ میں سفیر واسیلی نیبنزیا نے مغربی ممالک پر ایران کے معاملے میں خطرناک اقدامات سے گریز کرنے پر زور دیا۔


































