
واشنگٹن: امریکا کو ہزاروں فلسطینی بچوں کی شہادت پر بھی چین نہ آیا اور اس نے صیہونی ریاست کو مزید اسلحہ دینے کی ٹھان لی۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے بے شرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانگریس سے صیہونی حکومت کو مرکاوا ٹینکوں کے 45 ہزار گولوں کی فراہمی کی منظوری کی درخواست کردی۔ محکمہ خارجہ کے سابق ترجمان جوش پال نے کہا کہ محکمہ خارجہ کانگریس کے دونوں ایوانوں پر دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے دفاع کرنے والوں کے اعتراضات کے پیش نظر اس معاہدے کی جلد منظوری دیں۔ پال نے کہا کہ یہ بل اس ہفتے کے شروع میں دو کمیٹیوں کے سامنے پیش کیا گیا تھا۔ اس درخواست پر غور کے لیے 20 دن ہیں۔ ممکنہ معاہدے کی مالیت پچاس کروڑ ڈالر سے زیادہ ہے اور یہ صدر جو بائیڈن کی ایک سو دس ارب ڈالر کی اضافی درخواست کا حصہ نہیں ہے جس میں یوکرین اور اسرائیل کے لیے فنڈنگ شامل ہے۔ یہ منظوری سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی اور ہاؤس کی خارجہ امور کی کمیٹی کے غیر رسمی جائزے سے مشروط ہے۔


































