
واشنگٹن : امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ایران کے حملوں میں امریکا کی دو سو اٹھائیس عمارتیں، تنصیبات یا فوجی آلات نقصان کا شکار ہوئے یا مکمل تباہ ہو گئے۔ امریکی اخبار کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق ایرانی حملوں میں امریکی نقصان کی اصل سطح پہلے سامنے آنے والی معلومات سے کہیں زیادہ ہے۔ تجزیے میں سیٹلائٹ تصاویر، عسکری جائزوں اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر دعویٰ کیا گیا کہ متعدد امریکی فوجی مقامات پر بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بعض اڈوں پر مواصلاتی نظام، دفاعی تنصیبات اور لاجسٹک مراکز بھی متاثر ہوئے ہیں۔
اخبار کے مطابق یہ اعداد و شمار پہلے جاری ہونے والی سرکاری معلومات سے کہیں زیادہ سنگین صورتحال ظاہر کرتے ہیں۔ اس انکشاف کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ کے حقیقی نقصانات پر نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔ تاہم امریکی حکام کی جانب سے اب تک ان اعداد و شمار پر کوئی باضابطہ تفصیلی ردعمل سامنے نہیں آیا۔


































