
بیروت : حماس کے رہنما اسامہ حمدان نے کہا ہے کہ امریکا قابض صیہونی حکومت کو مزید قتل عام کیلئے زیادہ سے زیادہ وقت دینے کی کوشش کر رہا ہے۔اسامہ حمدان نے الجزیرہ نیٹ ورک سے گفتگو میں کہا کہ امریکا کی دوحہ مذاکرات میں دی گئی تجویز میں غزہ میں جنگ بندی یا فوجیوں کا انخلا شامل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں ابھی تک اسرائیل میں اسیر فلسطینی قیدیوں کا ذکر تک نہیں کیا گیا۔ ممکنہ جنگ بندی کے لیے فلسطینی قیدیوں کی آزادی سمیت ٹھوس معیار کی ضمانت ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی کوشش ہے کہ قابض حکومت کو مزید قتل عام کیلئے زیادہ سے زیادہ وقت دیا جائے۔اسامہ حمدان نے واضح کیا کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے میں بنیادی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ اسرائیلی مذاکرات کاروں نے بھی قطر مذاکرات کے بعد محتاط امید کا اظہار کیا ہے۔


































