
تہران : ولی امر مسلمین کے سینئر مشیر علی اکبر ولایتی نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف نئی جنگ کی صورت میں امریکا مغربی ایشیا میں اپنی باقی ماندہ ساکھ بھی کھو دے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ واشنگٹن اسرائیل کے بچھائے گئے اسٹریٹجک جال میں پھنس رہا ہے۔ ایران کی مصلحتی کونسل کے رکن اور رہبرِ انقلابِ اسلامی کے سینئر مشیر علی اکبر ولایتی نے امریکا کو ایران کے خلاف کسی بھی نئی جنگ کے نتائج سے خبردار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ واشنگٹن اسرائیل کے تیار کردہ ایک اسٹریٹجک جال میں داخل ہو رہا ہے، جس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔ علی اکبر ولایتی کے مطابق اگر امریکا نے ایران کے خلاف دوبارہ جنگ چھیڑی تو وہ مغربی ایشیا میں اپنی باقی ماندہ ساکھ بھی کھو دے گا۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ دورۂ چین کو “غیر مؤثر سفارتکاری” قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیجنگ سے ان کی “خالی ہاتھ” واپسی واشنگٹن کے غلط اندازوں کی علامت ہے۔ بیان کے مطابق ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ سے ایران کے خلاف جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش سمیت مختلف امور پر بات چیت کی تھی۔ ولایتی نے کہا کہ خطے کے مسائل کا حل فوجی دباؤ نہیں بلکہ سیاسی اور سفارتی راستے میں ہے۔


































