
تہران: ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ سفارتکاری کا راستہ کھلا رکھنے کو تیار ہیں لیکن امریکا کو دھمکی آمیز رویہ بدلنا ہوگا۔ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سعودی عرب، قطر، ترکیہ، مصر، عراق اور آذر بائیجان کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفون پر رابطے کیے اور انہیں امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
عراقچی کا کہنا تھا کہ خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ امریکا اور اسرائیل کی جارحیت ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے خطے کے کچھ ممالک کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششیں جنگ کے خاتمے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ نئی عسکری کشیدگی پورے خطے کے لیے خطرناک نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔


































