
اسلام آباد : مجلس وحدت مسلمین کا اعلیٰ سطح کا وفد علامہ راجہ ناصر عباس کی زیر قیادت سری لنکا کے ہائی کمیشن پہنچا اور سری لنکن ہائی کمشنر سے ان کے شہری کے بہیمانہ قتل پر اظہار تعزیت و ہمدردی کیا۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ اس المناک واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف پوری پاکستانی قوم نے جس شدید ردعمل کا اظہار کیا وہ ظلم اور ظالموں سے نفرت اور متاثرہ خاندان سے ہمدردی کا بین ثبوت ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ قاتلوں کو عبرتناک سزا دی جائے۔ ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ جو لوگ اپنے سینے میں درد رکھتے ہیں وہ اس سانحہ سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتے۔ اس شدت پسندی اور ظلم کے خلاف بائیس کروڑ عوام کی آواز اس عزم کو ظاہر کرتی ہے کہ اس ملک میں انتہا پسندی اور عدم برداشت کو پنپنے نہیں دیا جائے گا۔ پاکستان اور سری لنکا کے پائیدار برادرانہ تعلقات پورے خطے کے لیے اہم ہیں۔دشمن کی کوشش تھی کہ ان تعلقات کو خراب کیا جائےلیکن سرلنکن حکومت نے حکمت و بصیرت کا مظاہرہ کیا اور ان پر آنچ نہیں آنے دی۔انہوں نے کہا ظالموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے قانونی عمل میں تیزی لائی جانی چاہیے۔ملک میں جتنے بھی دہشت گردی کے واقعات ہوئے اس میں ملوث عناصر کے خلاف ریاستی اداروں کو بلاتاخیر اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہو گا۔


































