
کراچی : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری جنرل علامہ سید ناظر عباس تقوی سعودی عرب میں قید سے رہائی کے بعد کراچی پہنچ گئے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں علامہ ناظر عباس تقوی نے اپنی رہائی میں کردار ادا کرنے والوں، ملی تنظیموں، علمائے کرام اور عوام کا دعاؤں میں یاد رکھنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ آل سعود کی قید سے وطن واپسی کے بعد علامہ ناظر تقوی کی علماء کرام و عمائدین سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی اور مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے کراچی میں علامہ ناظر عباس تقوی سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران رہنماؤں نے علامہ ناظرعباس تقوی کو رہائی پر مبارک باد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر علامہ ناظر عباس تقوی نےرہائی کیلئے تمام دوستوں کی کاوشوں اور دعاؤں میں یاد رکھنے پر شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ علامہ سید ناظر عباس تقوی 13 رجب المرجب جشن ولادت باسعادت مولود کعبہ مولا علی ابن ابی طالبؑ کے موقع پر عمرے کی سعادت کے حصول کیلئے سعودی عرب میں موجود تھے اور ولادت کی خوشی میں خانہ کعبہ میں علی ولی اللہ کا پرچم اٹھایا تھا، جس کے بعد علامہ ناظر عباس تقوی کو کو مکہ مکرمہ سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔


































