
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران کے دشمن، ملک کی مسلح افواج کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کھانے کے بعد اب ہائبرڈ جنگ کی حکمت عملی اختیار کر چکے ہیں۔ انہوں نے قومی اتحاد، بیداری اور ہوشیاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے قوم کو متحد رہنا ہوگا۔
بانی انقلاب اسلامی امام خمینیؒ کی سینتیسویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ دشمن میدانِ جنگ میں ناکامی کے بعد اب عوام کے حوصلے پست کرنے، مایوسی پھیلانے اور ملک کے اندر اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے. انہوں نے کہا کہ دشمن کی نئی حکمت عملی کا مقصد ایرانی عوام کی استقامت کو کمزور کرنا اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا ہے۔ ان کے بقول، ایسے حالات میں ہر وہ اقدام یا بیان جو عوام میں ناامیدی اور بددلی پیدا کرے، درحقیقت دشمن کے مقاصد کو تقویت دیتا ہے۔ ولی امر مسلمین نے زور دیا کہ قومی اتحاد، عوامی اعتماد اور اندرونی ہم آہنگی ایران کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم نے مختلف چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے اور موجودہ حالات میں بھی اتحاد اور بصیرت کے ذریعے دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ یہ پیغام تہران میں امام خمینیؒ کی برسی کی تقریبات کے دوران پڑھ کر سنایا گیا، جہاں ملک بھر سے لوگ اسلامی انقلاب کے بانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے.


































