
بیجنگ: متحدہ عرب امارات اور قطر کے حکمرانوں کی چین میں اتفاقی ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان 2017 سے منقطع تعلقات بحال ہونے کے قوی امکان پیدا ہوگئے ہیں۔ سرمائی اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب کے موقع پر چینی صدر کے ظہرانے میں امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زائد النہیان اور امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی اتفاقی ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے سے گرم جوشی کے ہاتھ ملایا اور مختصر جملوں کا تبادلہ بھی کیا۔ اس پُرتپاک ملاقات سے دونوں رہنماؤں کے درمیان اختلافات کا تاثر ختم ہوگیا۔ قطر اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات 2017 سے منقطع تھے جب سعودی عرب سمیت 6 عرب ممالک نے قطر پر دہشت گردوں کی مالی امداد کا الزام عائد کرکے سفارتی وتجارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے۔تاہم سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے جنوری 2021 میں اختلافات ختم کرکے سفارتی و تجارتی تعلقات کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔ اعلان کے باوجود تاحال متحدہ عرب امارات نے قطر میں سفیر کی تعیناتی نہیں کی ہے البتہ سعودی عرب اور بحرین نے سفیر تعینات کردیئے ۔


































