
دوحہ : قطر نے امریکا سے کہا ہے کہ دوحہ میں موجود افغانوں کو ستمبر تک قطر سے منتقل کر دیا جائے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی دستاویزات کے مطابق قطر اور امریکا کے درمیان افغانستان سے انخلاء کیے گئے افراد کی عارضی میزبانی کا معاہدہ دو ہزار چھبیس تک بڑھا دیا گیا ہے۔ یہ افغان شہری دو ہزار اکیس میں طالبان کی افغانستان واپسی کے بعد دوحہ کے قریب کیمپ السیلیہ میں منتقل کیے گئے تھے۔ دستاویزات کے مطابق قطر نے واشنگٹن سے مطالبہ کیا ہے کہ کیمپ میں موجود تمام افغانوں کی حیثیت کا فیصلہ کیا جائے اور مزید کسی نئے افغان کو قطری سرزمین پر نہ بھیجا جائے۔ اس وقت 1100 سے زائد افغان اس عارضی مرکز میں موجود ہیں۔


































