
کابل : افغانستان میں طالبان نے بغیر داڑھی ملازمین کو کام سے روک دیا ہے جبکہ غیرملکی میڈیا کی مقامی زبانوں میں نشریات پر پابندی عائد کردی۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق طالبان نے تمام سرکاری ملازمین کو داڑھی رکھنے اور ڈریس کوڈ پر عمل کی ہدایت کردی۔طالبان کی اس ہدایت پر عمل نہ کرنے والوں کو نوکری سے نکالا جاسکتا ہے۔حکومتی نمائندے سرکاری دفاتر کے داخلی حصوں میں گشت کر رہے ہیں، جن کا مقصد یہ چیک کرنا ہے کہ ملازمین نئے قوانین کی تعمیل کر رہے ہیں یا نہیں۔ سرکاری ملازمین کو داڑھی نہ منڈوانے، مقامی لباس پہننے کی ہدایات کی گئی ہیں، جبکہ صحیح وقت پر نماز کی ادائیگی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ طالبان نے برطانوی نشریاتی ادارے(بی بی سی) ،امریکی نشریاتی ادارے (وائس آف امریکا) اور جرمن میڈیا (ڈی ڈبلیو) کی مقامی زبانوں میں چلنے والی نشریات کوبند کردیا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ادارے کی پشتو،فارسی اور ازبک زبان میں چلنے والی نشریات کوآف ائیر کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔


































