
تہران : ایران نے تہران میں حماس کے سابق سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کے بےشرمانہ اسرائیلی اعتراف کی مذمت کرتے ہوئے اسے اسرائیل پر حملے کاجائز جواز قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور سلامتی کونسل کی صدر کے نام خط میں اسماعیل ہنیہ کے قتل کے اعتراف پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ صیہونی حکومت نے بین الاقوامی قوانین کی پامالی کا کھل کر بے شرمانہ اعتراف کیا ہے۔یہ اعتراف ایک بار پھر اسرائیلی حکومت کی دہشت گردانہ اور جارحانہ کارروائیوں کوبے نقاب کرتا ہے۔
ایروانی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسرائیل کی قابض اور دہشت گرد حکومت اب بھی علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سب سے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ ایسی حکومت کے استثنیٰ کو ختم کرے جو بین الاقوامی قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتی ہے اور خطے کو غیر مستحکم کرتی ہے۔


































