تحریر: محمد حسن جمالی
آج کے اس ترقی یافتہ دور میں تعلیم یافتہ طبقہ مختلف ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے اپنے خیالات دوسروں تک پہنچانے کی کوشش کرتا ہے۔ ذرائع ابلاغ میں سے ایک موثر ذریعہ ویب سائٹ ہے، جس پر ملکی اور بین الاقوامی اہم خبروں کے علاوہ مذہبی، سیاسی اور دیگر موضوعات پر لکھی گئی تجزیہ نگاروں اور قلمکاروں کی تحریروں کو شائع کیا جاتا ہے۔ اسی ہدف کی تکمیل کے لئے آج ہزاروں ویب سائٹس فعال ہیں، جن کی بدولت لوگوں میں پرنٹ اخبار خرید کر پڑھنے کا رجحان نہ ہونے کے برابر ہے، بلکہ اب تو کاروباری طبقے سے تعلق رکھنے والوں نے بھی اپنی مخصوص ویب سائٹس بنا کر اشیاء کی تشہیر سے لے کر لین دین تک کے معاملات کو انسان کے لئے آسان بنا دیا ہے۔
ویب سائٹس کی ایک اچھی خاصی تعداد صحافت کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔ ایک عرصے تک "ہم سب” نامی ویب سائٹ پر بھی معتبر کالم نگاروں کے مفید کالمز شائع ہوتے رہے۔ معلومات اور حالات حاضرہ سے دلچسپی رکھنے والے افراد روزانہ اس ویب سائٹ کو کھول کر ضرور مطالعہ کرتے تھے۔ اس کی خوبی یہ تھی کہ مختلف قلمکاروں کے تجزیے اور خیالات پڑھنے کو ملتے تھے، لیکن اب اس کا اعتبار ختم ہوتا جا رہا ہے۔ حقائق کی بجائے بے بنیاد اور من گھڑت باتوں پر مشتمل تحریروں کی اشاعت کے سبب اس کی ساکھ بری طرح متاثر ہوتی جا رہی ہے۔ اسی لئے ذوق مطالعہ رکھنے والوں کے ذہن میں اس سوال کا ابھرنا فطری ہے کہ "ہم سب” نامی ویب سائٹ توہین کی آماجگاہ ہے یا قلمکاروں کی جایگاہ۔؟
اسی ویب سائٹ پر 29 اگست 2021ء کو نعمان فرید کے قلم سے ایک تحریر شائع ہوئی، جس کا عنوان "ایران کے سپریم رہنماء آیت اللہ خامنہ ای کی ذاتی زندگی، دولت اور مشاغل کی جھلکیاں” ہے۔ لکھنے والے نے اپنی اس تحریر میں جھوٹ کا قلعہ بنانے کی پوری کوشش کی ہے۔ بدون تردید کہا جاسکتا بے کہ ایسی بے بنیاد باتوں کو لکھ کر نعمان فرید صاحب نے قلم کی حرمت پائمال کرنے کے ساتھ صحافت کا کھلا مذاق اڑایا ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی ذاتی زندگی سے متعلق اب ایسے افراد بھی اظہار خیال کرنے لگے ہیں، جن کی سرے سے ہی معلومات بالکل صفر ہیں یا ان کی آنکھوں پر تعصب کی پٹی مضبوط ہونے کی وجہ سے وہ حقائق دیکھنے سے قاصر ہیں۔
حقیقت یہ ہے کہ کسی بھی شخصیت کی زندگی کے تمام پہلووں کی نسبت اس کی ذاتی زندگی کے بارے میں اظہار نظر کرنا انتہائی سخت اور دشوار کام ہوتا ہے۔ معتبر ذرائع سے معلومات حاصل کئے بغیر کسی کی ذاتی زندگی سے متعلق اظہار خیال کرنا خیانت ہے۔ لکھنے والے نے رہبر معظم انقلاب کی ذاتی زندگی سے متعلق ایسی باتیں لکھی ہیں، جنہیں پڑھ کر ہر قاری کی زبان سے بے ساختہ یہ جملے نکل ہی جاتے ہیں کہ فرید صاحب خدارا چادر دیکھ کر پاوں پھیلاو، اپنی بساط اور معلومات کے مطابق قلم چلانے کی کوشش کرو اور تعصب کی عینک اتار کر لکھنے کی جدوجہد کرو، تاکہ کم از قلم کی حرمت باقی رہے اور جھوٹ و افتراء سے کام لینے والے مغرض افراد کی صف میں شامل ہونے سے محفوظ رہیں۔
یاد رہے کہ حقائق کو چھپا کر غلط بیانی سے کام لینے والوں کا انجام برا ہوتا ہے۔ اس بات پر بھی توجہ کیجئے کہ آج کے دور میں حقائق پر پردہ ڈالنا ممکن نہیں۔ وہ زمانہ گزر گیا جس میں لوگ پراپیگنڈے کا سہارا لیکر تعلیم یافتہ افراد کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے تھے، بہت سارے تجاہل عارفانہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حقیقت بیانی کرنے سے گریز کرتے تھے اور لوگوں کی ایک اچھی خاصی تعداد تعصب کی بیماری کا شکار ہو کر شخصیات پر غلط الزامات لگاتے ہوئے عوام الناس کے دل و دماغ میں ان کی عزت اور محبوبیت کو کم کرنے کی لاحاصل سعی کرنے پر تلی رہتی تھی۔
اب ہم یہاں نعمان فرید کی بے بنیاد باتوں کے بعض حصے نقل کرتے ہیں، تاکہ قارئین کو ان کی جہالت کا علم ہو جائے۔ موصوف نے ایک جگہ لکھا ہے (عام طور پر آیت اللہ علی خامنه ای کے بارے میں یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ کہ وہ نہایت سادہ زندگی بسر کرتے ہیں اور اسلامی تعلیمات کی سخت گیر تشریح کے قائل ہیں۔ تاہم مختلف اوقات میں ایرانی حکومت سے منحرف ہو کر بیرون ملک فرار ہونے والے سرکاری عہدے داروں کے مطابق آیت اللہ علی خامنه ای کی بظاہر سادہ زندگی درحقیقت بے پناہ دولت، اختیار اور انتہائی قیمتی مشاغل سے عبارت ہے۔ ایک محتاط ترین اندازے کے مطابق 2013ء میں آیت اللہ علی خامنه ای کی ذاتی دولت 95 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر چکی تھی۔ واضح رہے کہ فروری 1979ء میں برسراقتدار آنے کے بعد ایران کی انقلابی حکومت نے سابق شاہ رضا پہلوی اور ان کی بیوی پر 35 ارب ڈالر کے اثاثے رکھنے کا الزام عائد کیا تھا۔ کرنسی کی موجودہ شرح تبادلہ کے اعتبار سے بھی سابق شاہ کی مبینہ دولت کا تخمینہ 79 ارب ڈالر تھا۔ آیت اللہ علی خامنه ای کی دولت کا بڑا حصہ "ستاد اجرایی فرمان امام” نامی محکمے کی مدد سے اندرون ملک مقیم کاروباری گھرانوں نیز بیرون ملک چلے جانے والے ایرانی شہریوں کی جائیدادوں پر زبردستی قبضہ کرکے ہتھیایا گیا ہے۔ اس ضمن میں خاص طور پر بہائی فرقے سے تعلق رکھنے والے افراد اور گھرانوں کی دولت پر منظم طریقہ کار کے مطابق قبضے کا حوالہ دیا جاتا ہے)
ہم جناب نعمان فرید سے گزارش کرتے ہیں کہ آپ حقائق شناس بنیں اور ہمیشہ معلومات کو درست ذرائع سے لیکر صحیح بیان کرنے اور لکھنے کی کوشش کیجئے۔ جناب کی اطلاع کے لئے عرض ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای مادی دولت اور دنیوی مال و مقام کو جوتے کی نوک پر رکھنے والی شخصیت کا نام ہے۔ وہ اس عظیم ہستی کے نقش قدم پر چلنے والے قابل فخر مرجع جہاں تشیع کا نام ہے کہ جس نے دنیا کی حقیقت کے بارے میں یوں ارشاد فرمایا ہے: "دنیا کی مثال اس سانپ کی سی ہے، جو چھونے میں نرم معلوم ہوتا ہے، مگر اس کے اندر زہر ہلاہل بھرا ہوتا ہے، فریب خوردہ جاہل اس کی طرف کھینچتا ہے اور ہوشمند و دانا اس سے بچ کر رہتا ہے۔”(حکمت ۱۱۹) دنیا اپنی تمام تر خوبی اور زیبائی کے ساتھ آپ کے پاس آتی رہی، مگر آپؑ نے کبھی بھی اس کے لئے دل کا دروازہ نہ کھولا اور عنایت خدا و تدبیر عملی کے ذریعے اپنے لئے اس کے دروازہ کو بند رکھا۔
آپ ؑ کی خالصتاً الہیٰ زندگی کے بارے میں انصار کے ایک شخص ضرار بن حمزہ انصبائی نے شام میں معاویہ کے بھرے دربار میں آپ کے فضائل و کمال اس طرح بیان کئے کہ میں نے خود اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ آپ محراب عبادت میں کھڑ ے ہو کر ریش مبارک پکڑے ہوئے اس طرح تڑپ رہے تھے، جیسے سانپ کا کاٹا ہوا تڑپتا اور غمزدہ پریشان حال گریہ کرتا ہے۔ ساتھ ہی فرماتے جاتے ہیں کہ "اے دنیا اے دنیا مجھ سے دور ہو جا، تو میرے سامنے زبیائی و خوبصورتی کے ساتھ آئی ہے یا میری واقعاً مشتاق بن کر آئی ہے؟ خدا وہ وقت نہ لائے کہ تو مجھے دھوکہ دے، جا میرے علاوہ کسی اور کو دھوکہ دے، مجھے تیری ضرورت نہیں ہے، میں تجھے تین طلاق دے چکا ہوں، جس کے بعد رجوع کا کوئی سوال ہی نہیں، تیری زندگی بہت تھوڑی اور حیثیت بہت معمولی ہے، تیری امید بہت حقیر اور زاد سفر کس قدر کم ہے، راستہ کس قدر طولانی اور منزل کس قدر دور ہے اور وارد ہونے کی جگہ کس قدر خطرناک ہے۔”(حکمت ۷۷) ایک اور مقام پر آپؑ فرماتے ہیں: "خدا کی قسم تمہاری دنیا میری نگاہ میں سور کی ہڈی سے بدتر ہے، جو کسی کوڑھی کے ہاتھ میں ہو۔”(حکمت۲۳۶)
آیت اللہ خامنہ ای تقویٰ، عبادت، اخلاص، خوف الہیٰ، تواضع اور دنیوی مال و مقام سے بے رغبتی جیسے اوصاف حمیدہ کا حامل ہونے کے ساتھ کروڑوں مسلمانوں کے محبوب، سیاسی مدبر، عظیم فقیہ، حکیم امت، دور اندیش قائد، اسلام کے آفاقی اصولوں کی سربلندی کے لئے شب و روز جدوجہد کرنے والی ہستی، شجاعت حیدری کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکہ اور اس کے دسترخوان کی ہڈی چبانے والوں کی منصوبہ بندیوں اور برے عزائم کو خاک میں ملانے والے عزیز رہبر کا نام ہے۔ لکھنے والے نے اپنی لکھی ہوئی جھوٹی باتوں کے منبع کا تعارف کراتے ہوئے لکھا ہے کہ ان باتوں کو مختلف اوقات میں ایرانی حکومت سے منحرف ہوکر بیرون ملک فرار ہونے والے سرکاری عہدہ داروں نے نقل کیا ہے۔” واہ جناب آپ کی عقل پر ماتم ہی کیا جاسکتا ہے، کیونکہ ایران سے فرار کرکے مغربی ملکوں میں جاکر مادیات کی دلدل میں پھنسے ہوئے انقلاب کے مخالف افراد کی لغویات کو جناب نے تحریری شکل دے کر اہل مطالعہ افراد کو دھوکا دینے کی کوشش کی ہے۔
ایک ممیز چھوٹا سابچہ بھی اس بات کو سمجھتا ہے کہ ایسے افراد کی باتوں کا حقیقت سے دور کا بھی تعلق نہیں ہوسکتا۔ کرائے کے متعصب لکھاری نے آگے ایک جگہ یہ بکواسات لکھ کر رہبر معظم انقلاب کی توہین کی ہے (موقر ذرائع کے مطابق آیت اللہ علی خامنه ای خورد و نوش میں نہایت نفیس ذوق رکھتے ہیں، انہیں ٹراوٹ مچھلی مرغوب ہے اور وہ کیویار (مچھلی کے انڈوں سے تیار ہونے والی ایک قیمتی سوغات) کے شیدائی ہیں۔ آیت اللہ علی خامنه ای کو گھوڑ سواری کا شوق ہے اور ان کے ذاتی اصطبل میں موجود قیمتی گھوڑوں کی تعداد ایک سو سے متجاوز ہے۔ چند برس قبل گھوڑ سواری کے دوران پیش آنے والے ایک حادثے کے بعد ان کے اس شوق میں کچھ رکاوٹ ضرور آگئی ہے، لیکن ان کے قیمتی گھوڑوں کا ذخیرہ مسلسل بڑھتا رہتا ہے۔
اسی طرح آیت اللہ علی خامنه ای کو تمباکو کے منقش اور جڑاؤ پائپ جمع کرنے کا شوق ہے۔ اگرچہ اطلاعات کے مطابق انہوں نے کچھ برس سے تمباکو نوشی ترک کر رکھی ہے، تاہم قیمتی پائپوں کا ذخیرہ بدستور موجود ہے) ان مغلظات سے لکھنے والے کی دماغی مشکلات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ جب انسان تعصب کی تاریک وادی میں گر جاتا ہے تو اس سے سچائی اور حقیقت بیانی کی توقع رکھنا لغو ہے۔ ایسے بکوسات دماغ کے کھوٹے انسان ہی لکھ کر اپنا قیمتی وقت ضائع کرسکتے ہیں۔ ایسے مریضوں کو اچھے ماہر نفسیات کی طرف رجوع کرکے معالجہ کرانا ضروری ہے۔ اس سے آگے اور بھی مغلظات لکھے ہیں۔ دلچسپی رکھنے والے اس لنک پر کلک کرکے پوری تحریر پڑھ سکتے ہیں۔
ایران کے سپریم رہنما آیت اللہ علی خامنهای کی ذاتی زندگی، دولت اور مشاغل کی جھلکیاں
اس تحریر کو لکھنے کا میرا مقصد یہ ہے کہ نعمان فرید نے اپنی تحریر میں کروڑوں مسلمانوں کے رہبر و مرجع کی توہین کی ہے اور "ہم سب” ویب سائٹ کے ذمہ داران نے اس بیہودہ تحریر کو اپنی ویب سائٹ پر شائع کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ بھی اس جرم میں برابر کے شریک ہیں۔ لہذا تمام تعلیم یافتہ مسلمانوں سے گزارش ہے کہ وہ "ہم سب” نامی ویب سائٹ کے ذمہ داران تک اپنی شکایت پر مبنی پیغام پہنچا کر احتجاج ریکارڈ کروائیں، تاکہ وہ آئندہ بیدار رہیں اور احتیاط سے کام لیں۔ شکریہ
































