
لندن : برطانوی لوکل انتخابات میں مسلم حمایت میں کمی نے لیبر پارٹی میں تشویش کی لہر دوڑادی اور رہنماؤں نے نتائج کو توقعات کے برعکس قرار دیا ہے غزہ کی وجہ سے عوام، بالخصوص مسلمانوں کی ناراضی کے باعث لیبر پارٹی کو اولڈھم کونسل سے تیرہ سال بعد ہاتھ دھونے پڑے ہیں۔ یہاں سے لیبر امیدواروں کے مقابل فلسطین کے پرجوش حامی چھ آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ جس میں علی امجد، عائشہ کوثر، ممتاز علی آزاد، ظہیر علی اور ماجد خان ہیں۔ لیبر کے ڈپٹی کمپین کوآرڈینیٹر ایلی ریوز کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی کو مسلم ووٹروں کے ساتھ اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ عام انتخابات سے قبل حمایت کی بحالی کیلئے بہت سا کام کرنا ہوگا۔ اس میں ووٹرز کو ہماری پوزیشن کو سمجھنے کو یقینی بنانا شامل ہے۔ لیبر رکن پارلیمنٹ اور نیشنل کیمپین کوآرڈینیٹر پیٹ میک فڈن نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ غزہ پر پارٹی کے موقف نے کچھ ووٹروں کو اس سے دور کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم لوگوں کا اتنی بڑی تعداد میں قتل کئے جانے پر اس میں کوئی تعجب کی بات بھی نہیں ہے۔


































