
تل ابیب: تل ابیب میں ہزاروں افراد نے یرغمالیوں کی رہائی کیلئے احتجاجی ریلی نکالی۔ مظاہرین کی بہت بڑی تعداد فوجی ہیڈکوارٹرز اور دیگر سرکاری عمارتوں کے باہر جمع ہوئی اور وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے نیتن یاہو پرزور دیا کہ کہ وہ حماس کے ساتھ معاہدہ کریں تاکہ جنگ زدہ پٹی میں اب تک قید تقریباً 100 اسیروں کی واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اسیروں کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ وہ مغویوں کی رہائی کیلئے حکومت کے ناکام مذاکرات پر مایوس ہیں۔ مظاہرین نے نیتن یاہو پر کسی معاہدے تک نہ پہنچنے کا الزام لگایا کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ جب تک جنگ جاری رہے گی اس سے انہیں اقتدار میں رہنے میں مدد ملے گی۔ غزہ میں قید اسرائیلی فوجی نمرود کوہن کے بھائی یوتم کوہن نے کہا کہ حکومت نے اسیروں کو مرنے کے لیے چھوڑ دیاہے۔ جب تک نیتن یاہو اقتدار میں ہیں، یہ جنگ غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی اور یرغمالی کا کوئی سودا نہیں ہوگا۔ یرغمالیوں کی جانیں بچانے کے لیے نیتن یاہو کو تبدیل کیا جانا چاہیے۔


































