
لاہور : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سیلاب متاثرین کی دل کھول کر مدد کریں۔ اس سلسلے میں المنتظر میں سیلاب ریلیف کیمپ قائم کر دیا گیا ہے، تاکہ عوام امدادی سامان جمع کروائیں اور اسے سیلاب متاثرین تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا پانی اللہ کی رحمت ہے۔ سیلاب ہماری بد اعمالیوں کی وجہ سے عذاب الٰہی بن کر آیا ہے، کیونکہ ہم نے اللہ کی عطا کردہ نعمتوں کا صحیح استعمال نہیں کیا، بے شمار قدرتی وسائل رکھنے والے پاکستان کے حکمران اللہ کی بجائے غیر ممالک کے سامنے ہاتھ پھیلا رہے ہیں۔اللہ کے دربار میں نہیں جھکتے امریکا اور آئی ایم ایف سے مانگتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ میں زمین و آسمان کا پیدا کرنیوالا اور دعائیں قبول کرنیوالا ہوں، مجھ سے مانگو۔ جامع علی مسجد جامعة المنتظر میں خطاب کرتے ہوئے حافظ ریاض نجفی نے زور دیا کہ قبل اس کے کہ کوئی بڑا عذاب آئے، حکمران اور عوام اللہ تعالیٰ سے اپنی کوتاہیوں کی معافی مانگیں، روئیں اور گڑگڑائیں۔


































