
لاہور: ملتان سکھر موٹروے پر آئل ٹینکر سے ٹکرانے کے بعد بس میں آگ لگ گئی، جس سے 20 مسافر جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق تصادم ہوتے ہی بس کو آگ لگ گئی۔ حادثے کے فوراً بعد موٹروے ایم 5 کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس ، ریسکیو 1122 اور افسران جائے حادثہ پر پہنچے جب کہ آگ بجھانے والی ٹیموں نے کارروائی شروع کی۔ پولیس نے جلتی بس سے کچھ مسافروں کو بحفاظت نکالا جب کہ بس میں تقریباً 25 افراد سوار تھے۔ امدادی ٹیموں کو بس میں لگی آگ بجھانے میں کئی گھنٹے لگے ۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ اتنی شدید تھی کہ کئی میل دور سے شعلے بلند ہوتے دکھائی دے رہے تھے۔


































