
اسلام آباد : آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی بنادی گئی۔ جس میں آئی ایس آئی اور آئی بی کے ڈائریکٹر جنرلز بھی شامل ہوں گے۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت یہ کمیٹی 12 اراکین پر مشتمل ہوگی، جن میں وفاقی وزرا شیری رحمان، اعظم نذیرتارڑ، اسد محمود، امین الحق اور سیکریٹری کابینہ ڈویژن اور دیگر بھی شامل ہیں۔ کمیٹی میں آئی ایس آئی، آئی بی کے ڈائریکٹر جنرلز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ مصروفیات کے باعث ڈائریکٹر جنرلز اپنی نمائندگی کیلئے کسی افسر کو نامزد کرسکتے ہیں۔ کمیٹی آڈیو لیکس پر اپنی تحقیقات اور سفارشات مرتب کرے گی سات روز میں وزیراعظم کو رپورٹ دے گی۔ ایف آئی اے کو ہدایت کی گئی کہ سائفر سے متعلق عمران خان کی آڈیو کی مکمل تحقیقات کی جائے۔


































