
واشنگٹن : پانچ فلسطینی خاندانوں نے اسرائیلی فوج کو امریکی امداد پر محکمہ خارجہ کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا۔ درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی روکنے کیلئے امریکا کے لیہی قوانین پر عملدرآمد کیا جائے۔ اس قانون کے تحت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مصدقہ الزامات کا سامنا کرنے والے ممالک کو سیکورٹی امداد کی فراہمی پر پابندی ہے۔ مدعی اورانسانی حقوق گروپوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو لیہی قانون سے غیر قانونی طور پر استثنا دیا گیا ہے۔ واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس میں فلسطینی نژاد امریکی سعید اصالی نے کہا کہ اس کی آنٹی اور ان کے چھ بچے غزہ شہر میں اسرائیلی حملے میں مارے گئے۔ حملے میں امریکی ہتھیار استعمال کیے گئے۔ میرے خاندان نے محکمہ خارجہ کے اپنے ہی قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے کی ناقابلِ برداشت قیمت چکائی ہے۔


































