
غزہ : صیہونی فوج نے رفح۔ خان یونس اور غزہ سٹی میں چار بڑے حملے کئے۔ میزائل حملوں اور گولہ باری میں رہائشی مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ اٹھاون افراد شہید اور ایک سو انہتر زخمی ہوگئے۔ مجموعی شہادتیں اڑتیس ہزار سے تجاوز کرگئیں۔ اسرائیلی فوج نے پانی، خوراک کی تلاش میں مصروف نہتے فلسطینیوں پر گن شپ ہیلی کاپٹرز سے فائرنگ کی ہے۔ شجاعیہ، دیرالبلاح، خان یونس میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے درجنوں فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج خان یونس میں مکمل تباہی کی خواہشمند ہے۔ علاقے میں اسرائیلی فوج کے ایک حملے میں سات اور دوسرے حملے میں دس افراد شہید ہوگئے ہیں۔ شجاعیہ میں اسرائیلی فوج کو فلسطینیوں کی شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔ القسام اور القدس بریگیڈ کے حملوں میں اسرائیلی فوج کے دو کیپٹن ہلاک اور متعدد فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے مطابق دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ سات اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد اڑتیس ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کے بیت الاحیہ،زیتون،بیت الرضوان میں حملوں میں متعدد فسلطینی شہید اور زخمی ہوگئے ہیں.


































