
نیویارک : اقوام متحدہ نے کہاہے کہ خان یونس خالی کرنے کے اسرائیلی حکم سے ڈھائی لاکھ فلسطینی متاثر ہوں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران انخلاء کے اسرائیلی حکم پر تنقید کرتے ہوئےکہا کہ اب فلسطینیوں کے پناہ حاصل کرنے کےلیے کوئی محفوظ جگہ نہیں ہے۔ انتونیو گوتریس نے جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس مہلک سرکلر تحریک کا ایک اور پڑاؤ ہے جس سے غزہ کی آبادی کو مستقل طور پر گزرنا پڑتا ہے۔ غزہ کے لیے اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے کوآرڈینیٹر سگریڈ کاگ نے کہا کہ 19 لاکھ فلسطینی یعنی 80 فیصد آبادی بے گھر ہوچکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں خان یونس میں انخلاء کے نئے احکامات کی اطلاعات پر شدید تشویش ہے۔ غزہ میں فلسطینی شہری مصائب کے اتھاہ سمندر میں ڈوب گئے ہیں۔ ان کے گھر تباہ ہو گئے ہیں، ان کی زندگیاں تباہ ہو گئی ہیں۔
اقوام متحدہ کی تنظیم انروا کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کو علاقوں سےنکل جانے کا اسرائیلی حکم فلسطینیوں کی مشکلات اور مسائل مزید بڑھادے گا۔


































