
نیویارک : اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف نے 2024 غزہ اور دوسرے تنازعات کا شکار بچوں کے لیے تاریخ کا بدترین سال قرار دے دیا۔یونیسیف کے حالیہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ماضی کے مقابلے میں رواں سال زیادہ بچے جنگوں کی وجہ سے بے گھر ہونے پر مجبور ہوئے۔ بچوں پر مسلح تنازعات کے اثرات تباہ کن اور ممکنہ طور پر ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے۔ یونیسیف کے مطابق تنازعات سے متاثرہ بچوں کی ریکارڈ تعداد کو حقوق کی پامالی کا سامنا ہے، جن میں ہلاک اور زخمی ہونا، اسکول نہ جانا، زندگی بچانے والی ویکسینز سے محروم ہونا اور شدید غذائی قلت کا شکار ہونا شامل ہیں۔ رواں سال ہر چھ میں سے ایک بچہ جنگ زدہ علاقے میں رہنے پر مجبور رہا۔ صرف غزہ میں 15 ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے 17 ہزار 492 بچے جاں بحق ہوئے.


































