
ایتھنز: اسرائیل نے گلوبل صمود فلوٹیلا سے حراست میں لئے گئے دو رضاکاروں کو رہا کردیا۔ جبکہ فلوٹیلا میں شامل تیس کشتیوں کا قافلہ ترکیہ پہنچ گیا ہے۔ تیس اپریل سے زیرحراست برازیل کے تھیآگو ڈی ایویلا اور فلسطینی نژاد ہسپانوی کارکن سیف ابو کشک کو رہائی کے بعد ڈی پورٹ کر دیا گیا۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں سیف ابو کشک نے بتایا کہ وہ یونان کے دارالحکومت ایتھنز پہنچ چکے ہیں اور انہوں نے اپنے وکلاء اور قانونی ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔ دونوں کارکنوں کو اسرائیلی بحریہ نے بین الاقوامی سمندری حدود سے حراست میں لیا تھا۔
ادھر فلوٹیلا کے تیس سے زائد جہاز اور کشتیاں گذشتہ روز ترکیہ کے ساحل کے قریب مارمارس کے علاقے میں جمع ہوئیں۔ جہاں کارکنوں اور حامیوں نے ان کا استقبال کیا۔ منتظمین کے مطابق فلوٹیلا نے چوبیس روزہ سمندری سفر مکمل کیا ہے جس کے دوران قافلہ سسلی اور یونانی جزیرے کریٹ سے بھی گزرا۔ قافلہ اب اگلے مرحلے میں غزہ کی جانب سمندری سفر جاری رکھنے کی تیاری کررہا ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ تمام رکاوٹوں کے باوجود غزہ تک امدادی سامان اور یکجہتی کا پیغام پہنچانے کا مشن جاری رکھا جائے گا۔


































