
مقبوضہ بیت المقدس: فلسطینی مجاہدین نے اسرائیل کیخلاف فدائی حملے شروع کردئے۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں دو حملوں میں تین فوجیوں سمیت پانچ صیہونی زخمی ہوگئے ۔ فیول اسٹیشن پر کار میں دھماکے سے چار اسرائیلی زخمی ہوگئے۔ جبکہ ایک اور گاڑی کے دھماکے میں تین اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے۔ گاڑی کو خود کش حملے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔ فلسطینی مزاحمتی گروپوں نے دو الگ الگ جوابی کار بم دھماکوں کی تعریف کی ہے جس میں مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی حصے میں گش ایٹزیون اور کرمی تزور کی غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ حماس نے ایک بیان میں کہا کہ یہ کارروائیاں واضح پیغام دیتی ہیں کہ جب تک اسرائیل فلسطینی قوم اور مقبوضہ علاقوں کے خلاف اپنی بربریت اور جارحیت کو جاری رکھے گا مزاحمتی محاذ مضبوط رہے گا۔ یہ کارروائیاں صیہونی حکومت کو اس حقیقت کی یاد دلاتی ہیں کہ وہ ہمارے وطن کے کسی حصے کو تقسیم نہیں کر سکتی اور ہمارے عوام اور بہادر مزاحمتی جنگجو اسرائیل کو کہیں بھی اور کسی بھی وقت حیران کر دیں گے۔ ہم اپنے لوگوں اور مزاحمتی گروپوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل کے جاری جرائم کا مزید مقابلہ کریں اور جواب دیں۔ اسلامی جہاد نے کہاہے کہ مزاحمتی محاذ کو ختم کرنے کی دشمن کی کوششیں، چاہے مغربی کنارے میں ہوں یا غزہ میں ناکام ہوں گی۔


































