
نیویارک : اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر جولائی تک غزہ میں امدادی سرگرمیاں بحال نہ کی گئیں تو دس لاکھ سے زائد فلسطینی شدید غذائی بحران کا شکار ہوکر موت کے قریب پہنچ جائیں گے۔ غزہ میں غذائی قلت سے صورتحال قحط تک پہنچ چکی ہے۔ رفح کراسنگ پر مئی میں اسرائیلی قبضے کے بعد غذائی اجناس اور پانی کی فراہمی تقریباً بند ہے۔ شہر میں اقوام متحدہ کے مطابق بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ غذائی قلت کے باعث شہریوں کی قوت مدافعت بھی کم ہوئی ہے جس کے باعث کسی بھی وبائی مرض کے باعث اموات بہت زیادہ ہوسکتی ہیں۔اگر فوری طور پر غزہ میں امدادی سرگرمیاں مکمل بحال نہ کی گئیں تو اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت کے مطابق غزہ میں دس لاکھ سے زائد فلسطینی بھوک اور غذائی قلت کے باعث ہونے والی بیماریوں سے جان گنوا سکتے ہیں۔


































