رپورٹ: ایس این حسینی
کل ہفتہ 25 جولائی کو پاراچنار سے 8 کلومیٹر مشرق میں واقع دختک بازی خیلہ (کڑمان) کے مقام پر پرانی دشمنی کی بنیاد پر ڈاٹسن گاڑی میں بیٹھے وچہ درہ کے منگل قبیلے کے دو افراد کو قتل کیا گیا، جبکہ انکے ساتھ بیٹھے دیگر تین چار جوانوں اور بچوں کو بچانے کے علاوہ لاشوں اور ایک زخمی کو پاراچنار ہسپتال پہنچانے کا پورا انتظام بھی طوری قبیلے کے افراد نے کیا۔ ہسپتال میں تیسرا زخمی شخص بھی انتقال کر گیا۔ مقامی ایمبولینس کے شیعہ ڈرائیور نے لاشوں کو صدہ ہسپتال پہنچایا۔ صدہ میں مولوی نور بادشاہ، عقل میر منگل اور دیگر شرپسندوں نے لاشوں کو صدہ کے امیر معاویہ چوک میں رکھ کر احتجاج شروع کر دیا۔ اس دوران مین روڈ کو بلاک کرکے گاڑیوں میں سوار طوری قبیلے کے مسافروں کو اتار کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران ایف سی کے صوبیدار زینت علی جو اپنے اہل و عیال کے ساتھ پشاور سے آرہے تھے، انہیں ان کی خواتین سمیت اتارا گیا۔ خواتین کو چند نیک سیرت افراد نے بچا لیا۔ تاہم صوبیدار زینت علی، جو حال ہی میں ایف سی سے ریٹائرڈ ہوئے تھے، انہیں پتھر اور چاقو مار مار کر نہایت بے دردی سے قتل کیا گیا۔
شہید صوبیدار کا جنازہ کل رات 9 بجے علی زئی پہنچایا گیا۔ جہاں غسل و کفن کے بعد رات 12 بجے ان کی میت پاراچنار پہنچا دی گئی۔ مقتول صوبیدار کے سوگ میں پاراچنار بازار آج ظہر تک بند رکھا گیا۔ صبح 10 بجے مرکزی جامع مسجد سے ایک احتجاجی جلوس نکالا گیا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ پریس کلب پہنچ کر جلوس نے دھرنے کی شکل اختیار کرلی۔ جلسے سے سیکرٹری انجمن حسینیہ حاجی سردار حسین، صدر تحریک حسینی حاجی عابد حسین، صدر انوریہ فیڈریشن رفیق حسین، سابق رکن انجمن حسینیہ علی قنبر، ظہور جان اور حاجی رﺅف حسین نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں حالات کی ذمہ داری مخالف قبیلہ سے زیادہ حکومت پر عائد کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ہوتے ہوئے ایک حکومتی اہلکار کو بے دردی سے قتل کیا جاتا ہے، جبکہ حکومت تماشائی کا کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 ماہ قبل صدہ عباس کے مقام پر شیعہ سنیوں کے مابین حکومت کی موجودگی میں ایک معاہدہ طے پا گیا تھا، جس میں واضح کیا گیا تھا کہ ذاتی دشمنی کو کسی بھی صورت میں مذہبی رنگ نہیں دیا جائے گا، مگر صدہ میں بار بار ایسے معاہدوں کی خلاف ورزی کی جاتی رہی ہے۔
انہوں نے صدہ میں بعض افراد کے نیک کردار کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اہلیان صدہ نان لوکل ایسے افراد کو اپنی زمین پر بدامنی کی اجازت ہرگز نہ دیں، جنہوں نے یہاں چند مرلے زمین خرید کر مکانات بنائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں صدہ کے امن سے کوئی سروکار نہیں۔ انہیں اپنے ذاتی مفادات عزیز ہیں۔ مقررین نے مولوی نور بادشاہ کو حالات خراب کرنے کا ذمہ دار قرار دیا۔ آخر میں انجمن حسینیہ، تحریک حسینی نیز مقتول کے ورثاءنے ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور ڈی پی او کی موجودگی میں مندرجہ ذیل مطالبات پیش کئے۔
1۔ مولوی نور بادشاہ، عقل میر نیز ذاتی دشمنی کے واقعے کو مذہبی رنگ دینے والے دیگر شرپسندوں کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر کاٹ کر انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔
2۔ جنازہ کو اپر کرم سے اٹھا کر لوئر کرم صدہ لے جاکر اشتعال پھیلانے کی راہ ہموار کرنے والوں نیز حکومت کی جانب سے کی جانے والی غفلت کی مذمت کرتے ہیں۔
3۔ پاکستان میں جہاں کہیں کوئی واقعہ ہوتا ہے، صدہ بازار کو طوری قبائل کے لئے قصاب خانہ بنایا جاتا ہے، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ چنانچہ حکومت کا فرض بنتا ہے کہ وہ صدہ میں ایسا ماحول بنانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔ ڈی پی او کی جانب سے شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائی کی یقین دہانی کے بعد دھرنا ختم کر دیا گیا۔
































