
انقلاب نے ایران کو مغربی ملکوں کے تسلط سے نکال کرخود مختار ملک میں تبدیل کردیا، مغربی ممالک چاہتے ہیں ایران دوبارہ ان کی پالیسیوں پر چلے
ایران، چین اور روس جیسے ملکوں سے تعلقات کو فروغ دینا مغرب کو برا لگتا ہے، ایران امریکا اور دیگر ملکوں کے مطالبات کے سامنے تسلیم نہیں ہوگا
تہران (نیوز ڈیسک) ولی امر مسلمین آیت اللہ خامنہ ای نے ذاتی زندگی اور حکومتی امور میں امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کی پیروی پر زور دیا ہے، یوم ضربت امام علی ، یوم معلم اور یوم محنت کشاں کے موقع پر قوم سے ٹیلی فونک خطاب میں آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے مولائے متقیان حضرت علی علیہ السلام کی حیات طیبہ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی ،انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران نے ملک کو مغربی ملکوں کے تسلط سے آزاد کرکے اسے ایک خود مختار ملک میں تبدیل کردیا، مغربی ممالک بدستور ایران پر پہلے جیسا تسلط قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ایران کی پالیسیاں ان کی منشا کے مطابق ہوں ، یہی وجہ ہے کہ جب ایران، چین اور روس جیسے ملکوں سے تعلقات کو فروغ دینے لگتا ہے تو انہیں برا لگتا ہے،ولی امر مسلمین نے ایران اور ہمسایہ ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ میں امریکیوں کی جانب سے ڈالی جانے والی رکاوٹوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ متعدد بارایسا ہوا ہے کہ ہمسایہ ملکوں کے اعلی رتبہ وفد کے دورہ ایران کی امریکا کی جانب سے مخالفت کی گئی ہے ، ایران امریکا اور دیگر ملکوں کے مطالبات کے سامنے تسلیم نہیں ہوگا بلکہ پوری قوت کے ساتھ خارجہ تعلقات کو آگے بڑھائے گا ،عالمی یوم محنت کشاں کے حوالے سے رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ محنت کشوں کی مشکلات اور پریشانیوں کو سمجھنے اور انہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ آپ نے فرمایا کہ تمام محنت کشوں کو بیمہ اور جاب سیکورٹی حاصل ہونا چاہیے


































