
لاہور : مختلف شہروں میں مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بدنظمی کے باعث بھگدڑ اور دھکم پیل کے نتیجے میں مزید 2 افراد جاں بحق اور خواتین سمیت کئی زخمی ہو گئے۔ چارسدہ میں مفت آٹا تقسیم کے دوران بھگدڑ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق مفت آٹےکی تقسیم کےدوران دھکم پیل اور بھگدڑ ایک شخص کے جاں بحق اور دیگر کے زخمی ہونے کی وجہ بنی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ خواتین اور مردوں کے لیے ایک ہی سینٹر میں مفت آٹا تقسیم کا پوائنٹ مقرر کیا گیا ہے اور صبح 6 بجے سے ہزاروں مرد و خواتین مفت آٹے کے حصول کے لیے سینٹر پہنچ گئے تھے۔
مفت آٹا آنے سے قبل جیسے ہی سینٹر کا گیٹ کھولا گیا تو بھگدڑ مچ گئی۔ شہریوں کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ناقص انتظامات کے سبب افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے۔ آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن اور ضلعی انتظامیہ کی ملی بھگت سے کم پوائنٹ مقرر کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب بنوں میں فلور ملز کے قریب دیوار گرنے سے حادثہ پیش آیا، جس میں ایک شخص جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق آٹا لینے کے لیے لوگ کھڑے تھے کہ دیوار گر گئی، جس سے زخمی ہوے والوں کو طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


































