
نئی دہلی: بھارتی لوک سبھا میں مسلمانوں کی نمائندگی صرف 4.42 فیصد تک رہ گئی۔ انتخابات میں 9 ریاستوں سے 24 مسلمان منتخب ہوکر پارلیمنٹ پہنچے ہیں۔ گزشتہ انتخابات میں 26 مسلمان اسمبلی میں پہنچے تھے جو تعداد اس بار کم ہوکر چوبیس رہ گئی ہے۔ جو چار اعشاریہ چار دو فیصد بنتی ہے۔ ہندوستان کے 22 کروڑ مسلمان اس کی ایک ارب چالیس کروڑ کی آبادی کے پانچویں حصے سے تھوڑا کم ہیں۔ ملک میں اکثریتی سیاست کے عروج کے ساتھ ہی اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کی نمائندگی کم ہوتی جارہی ہے۔ مختار عباس نقوی کے اقلیتی امور کے وزیر کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد مودی سرکار کا دوسرا دور کسی بھی مسلم وزیر کے بغیر ختم ہوا۔ اس سال بی جے پی کے چار سو تیس امیدواروں میں سے ملاپورم سے ایم عبدالسلام واحد مسلمان تھے۔ راجستھان، مدھیہ پردیش، گجرات، مہاراشٹرا اور کرناٹک جیسی بڑی ہندوستانی ریاستوں سے کوئی مسلمان رکن پارلیمنٹ نہیں پہنچا۔


































