
کابل :افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل آسٹن اسکاٹ مِلرباضابطہ طور پر اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے اس طرح افغانستان میں امریکا کی جنگ کا 31 اگست کی مقررہ تاریخ سے قبل علامتی خاتمہ ہوگیا ہے جنرل ملر افغانستان میں جنگ میں امریکی فوج کی قیادت کرنے والے آخری فوراسٹار جنرل ہیں۔ عارضی طور پر ان کی جگہ لینے کے لیے امریکی میرین جنرل کینتھ میکنزی کابل پہنچے ہیں۔انھوں نے اپنی آمد کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ طالبان اب بحران کو جنگ کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں جنرل ملر کے سبکدوش ہونے کے بعد جنرل میکنزی 31 اگست تک صدر اشرف غنی کی حکومت کی حمایت میں طالبان کے خلاف فضائی حملوں کا حکم دینے کے مجاز ہوں گے۔تاہم انھوں نے واضح کیا ہے کہ افغانستان میں ان کی توجہ القاعدہ اورداعش کے خلاف انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر مرکوزہوگی۔


































