
میزائل فیکٹری میں زوردار دھماکے سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی،پاسداران انقلاب کے ٹوئٹر اکاونٹ سے مبارکباد پر مبنی ٹوئٹ،اسرائیل نے انسانی غلطی قرار دیا
ڈیمونا ایٹمی تنصیبات کے قریب دھماکوں نے خوف کی لہر دوڑادی،شام سے داغاگیا میزائل ایٹمی تنصیبات کے قریب گرا،اسرائیل کا شام پر جوابی حملہ ناکام
مقبوضہ بیت المقدس(نیوز ڈیسک) میزائلوں کی فیکٹری میں دھماکے اور ڈیمونا ایٹمی پلانٹ پر میزائل حملے نے اسرائیل کے ناقابل تسخیر دفاع کے دعووں کا پول کھول دیا ، میزائل بنانے والی فیکٹری میں زوردار دھماکے سے بڑے پیمانے تباہی پھیلی ،دھماکے کے فوری بعد ایرانی پاسداران انقلاب کے ٹوئٹر اکاونٹ سے مبارکباد پر مبنی ٹوئٹ کی گئی تاہم اسرائیلی حکام نے اسے انسانی غلطی کی وجہ سے رونماہونیوالا واقعہ قرار دیا اور فیکٹری کو پہنچنے والے نقصان کے بارے میں کچھ نہیں بتایا،ادھر صحرائے نقب میں ڈیمونا کی ایٹمی تنصیبات کے قریب دھماکوں نے اسرائیل میں خوف کی لہر دوڑادی، دھماکے الخلیل، بیت المقدس اور رام اللہ میں بھی سنے گئے ،اسرائیلی ذرائع نے دعوی کیا کہ ڈیمونا کی ایٹمی تنصیبات کے قریب، پیٹریاٹ میزائل سسٹم کے ذریعے ایک میزائل کو نشانہ بنایاگیا ، شام سے داغاگیا میزائل ڈیمونا کی ایٹمی تنصیبات کے قریب گرا ہے ،میزائل ڈیفنیس سسٹم مذکورہ میزائل کو نشانہ بنانے میں ناکام رہا، اسرائیل نے حملے کے جواب میں شام پر میزائل برسائے تاہم شامی فوج کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے جولان سے دمشق کی سمت داغے گئے میزائلوں کو فضا ہی میں نشانہ بنا کر تباہ کردیا، حملے میں شامی فوج کے 4 جوان زخمی ہوئے،میزائل فیکٹری اور بالخصوص ڈیمونا ایٹمی تنصیبات کے قریب شام سے میزائل حملہ دنیا بھر پر ثابت کر دیگا کہ اسرائیل اپنے مضبوط و مستحکم دفاعی نظام کے جو بلند بانگ دعوے کرتا ہے، وہ حقیقت میں معمولی میزائلوں کا دفاع کرنے کے بھی قابل نہیں


































