
مونٹریال : کینیڈا کی میک گل یونیورسٹی نے مونٹریال میں اپنا مرکزی کیمپس عارضی طور پر بند کر دیا ہے جہاں سے وہ فلسطینی حامی مظاہرین کو وہاں سے نکالنے کی کوشش کر رہی تھی، فلسطینی حامی مظاہرین دو ماہ سے زیادہ عرصے سے خیمہ زن ہیں۔
کینیڈا کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں سے ایک میک گل نے خیمے اور دیگر اشیاء کو ہٹانے کے لیے ایک پرائیویٹ سیکیورٹی فرم کی خدمات حاصل کیں جب کہ ہنگامہ آرائی سے نمٹنے کے لیے خصوصی حفاظتی لباس میں پولیس اردگرد کی سڑکوں پر گھومتی رہی جو ٹریفک کے لیے بند تھیں۔
میک گل کے منتظمین نے ابتدا میں مظاہرین کے خلاف عدالتی حکم امتناعی حاصل کرنے کی کوشش کی اور ناکام رہے۔ پھر مسئلے کے حل پر بات چیت کرنے کی کوشش کی لیکن جون میں یہ کہہ کر ترک کر دی کہ "کوئی بارآور نتیجہ” ممکن نہیں تھا۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازعہ پر پورے شمالی امریکہ کی یونیورسٹیاں مظاہروں کی زد میں ہیں اور طلباء اور حقوق کے کارکنوں نے ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی اداروں سے روابط منقطع کریں اور اسرائیل سے تعلقات رکھنے والی کمپنیوں سے مالی معاملات اور سرمایہ کاری ختم کریں۔


































