
39سال بعدپہلے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ عراق،صدر ، وزیراعظم اور وزیرخارجہ سے ملاقاتیں، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال
زائرین کیلئے میڈیکل سینٹر اور پاکستان ہاو ¿س قائم کیا جائے گا،شاہ محمود،وزیرخارجہ کی روضوں پر حاضری، آیت اللہ بشیر حسین نجفی سے بھی ملاقات
بغداد (نیوز ڈیسک) پاکستان نے عراقی تیل کے ذخائر سے استفادہ، زائرین کیلئے پاکستان ہاو ¿س اور میڈیکل سینٹر کے قیام کی خواہش کا اظہارکردیا ،39 سال بعدپہلے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عراق کا دورہ کیا ،اور عراقی ہم منصب ،صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کیں، جس میں افغانستان کی صورت حال اور خطے کی سیکیورٹی پر بات چیت کی گئی ،ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور دیگر اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان اور عراق کے درمیان تعلیم، زراعت اوردیگرشعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں، عراق کی جانب سے توانائی کے شعبے میں پاکستان کی معاونت کا خیر مقدم کریں گے،انہوں نے کہاکہ پاکستان عراق میں موجود تیل کے ذخائر سے استفادہ کرنے اور زائرین کے لیے میڈیکل سینٹر اور پاکستان ہاو ¿س کے قیام کا خواہش مند ہے،شاہ محمود نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر اور مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے فلسطین کے تنازع کا حل ضروری ہے،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نجف اشرف میں حضرت امام علی علیہ السلام کے روضے پر حاضری دی اور نوافل ادا کیے،انہوں نے مسجد کوفہ اور تاریخی مقامات کی بھی زیارات کیں ، شاہ محمود نے نجف میں آیت اللہ بشیر حسین نجفی سے ملاقات کی اور اتحاد بین المسلمین، زائرین کو سہولیات کی فراہمی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ،وزیر خارجہ نے اتحاد بین المسلمین اور فرقہ واریت کی حوصلہ شکنی کیلئے علما ئے کرام کی جانب سے بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا،انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان زائرین کو سہولیات کی فراہمی کیلئے زائرین مینجمنٹ پالیسی اپنا رہی ہے جسے مو ¿ثر بنانے کیلئے دونوں ممالک کو مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی، نجف سے وہ کربلا پہنچے جہاںروضہ امام حسین ؑکی زیارت کا شرف حاصل کیا،اس سے پہلے انہوں نے کاظمین میں امام حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام اور نویں امام محمد تقی علیہ السلام کے مزارات مقدسہ کی زیارت کا شرف حاصل کیا، وزیر خارجہ نے حرم امام موسی کاظم علیہ السلام میں نوافل ادا کیے اور ملکی سلامتی اور اتحاد بین المسلمین کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں


































