
بیروت : حزب اللہ نے حجت الاسلام شیخ نعیم قاسم کو نیا سربراہ مقرر کردیا۔ حزب اللہ نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر تقرری کا اعلان کیا۔ 70 سالہ شیخ نعیم قاسم 1992 سے حزب اللہ کے نائب سربراہ کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد سید ہاشم صفی الدین کو نیا سربراہ بنائے جانے کا امکان تھا لیکن انہیں بھی شہید کردیا گیا۔ جس کے بعد شیخ نعیم قاسم کو حزب اللہ کی سربراہی دی گئی ہے۔حزب اللہ کے نئے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم انیس سو تریپن میں لبنان کے علاقے کفرفیلہ کے دینی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ شیخ نعیم قاسم مسلم طلبا یونین کے بانیوں میں سے ایک ہیں۔
انیس سو ستر کی دہائی میں آپ نے طلبا سیاست میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور موسیٰ الصدر کی جماعت امل موومنٹ میں شامل ہوئے۔ دینی تعلیم میں محنت کے ساتھ کئی جہادی معرکوں میں بھی حصہ لیا۔ شیخ نعیم قاسم انیس سو چوہتر سے انیس سو اٹھاسی تک اسلامی مذہبی تعلیمی انجمن کے سربراہ رہے۔ انیس سو اکانوے میں شیخ نعیم قاسم حزب اللہ میں شامل ہوئے اور انیس سو بانوے سے سید حسن نصر اللہ کے نائب اور حزب اللہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل کے طور پر کام کرتے رہے۔ حزب اللہ کے ٹیلی گرام چینل پر ان کی تقرری کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
حجت الاسلام شیخ نعیم قاسم نے اپنے پہلے پیغام میں کہا کہ شہید حسن نصر اللہ کے مشن کو جاری رکھا جائے گا ۔القدس کی آزادی کیلئے حزب اللہ اپنے فلسطینی بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گی۔


































