
بھارتی ریاست اترپردیش میں 100 سالہ قدیم مسجد غریب نواز کو بی جے پی حکومت کے ذریعے شہید کئے جانے پر اپنی سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مولانا عطاء الرحمن ندوی نے کہا کہ مسجد کی شہادت کا واقعہ پوری ملت اسلامیہ کے لئے بے حد تکلیف دہ، باعث رنج اور قطعاً ناقابل قبول ہے۔ عالمی تنظیم برائے فضلاء ازہر انڈیا کے رکن مولانا عطاء الرحمن ندوی نے مسجد کے انہدام پر اور اسی مقام پر دوبارہ مسجد کی تعمیر کے سلسلے میں حکومت کی سردمہری پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسجد کی شہادت مسلمانوں کے ساتھ سخت ظلم، قانون و آئین کی پامالی اور جمہوریت کا قتل ہے۔
مولانا عطاء الرحمن ندوی نے کہا کہ مسلمان اس واقعہ سے سخت صدمہ میں ہیں، اس سے پہلے کہ مسلمانوں کی طرف سے کوئی عوامی ردعمل ظاہر ہو، حکومت کو چاہیئے کہ اپنی اس غلطی کی تلافی کرے اور فوری طور پر جس جگہ پہلے مسجد تھی، اسی جگہ دوبارہ تعمیر کے لئے حکم جاری کرے اور مسلمانوں کو زمین حوالہ کر دے۔


































