
تحریک انصاف ووٹرز کی پہلی پسند، گیلپ سروے میں 35 اور پلس کنسلٹنٹ سروے میں 27 فیصد ووٹ ملنے کی پیشگوئی، پیپلزپارٹی دوسرے نمبرپر رہنے کی توقع
تحریک انصاف ممکنہ طورپر12 نشستیں جیت جائے گی، پیپلزپارٹی 05 نشستیں ، مسلم لیگ نواز ایک اور آزاد امیدواروں کو دو نشستیں ملنے کی توقع ہے
کراچی (نیوزڈیسک) گلگت بلتستان میں 15 نومبر کو قانون ساز اسمبلی کی 23 نشستوں پر انتخابات ہونگے جس میں سات لاکھ 45 ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، گلگت حلقہ نمبر 3 پر تحریک انصاف کے صدر جسٹس (ر) سید جعفر شاہ کے انتقال کی وجہ سے انتخابات ملتوی ہوئے تھے جو 22 نومبرکو ہونگے، الیکشن میں 330 امیدوار میدان میں ہیں، گیلپ پاکستان اور پلس کنسلٹنٹ کے سروے کےمطابق ووٹرز نے پاکستان تحریک انصاف کو اپنی پہلی چوائس قراردیا ہے جبکہ دوسرے نمبر پر پاکستان پیپلز پارٹی ووٹرز کی پسندیدہ نظر آئی، گیلپ سروے میں 27 فیصد نے تحریک انصاف اور 24 فیصد نے پاکستان پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے کا ارادہ ظاہر کیا۔ 14 فیصد نے پاکستان مسلم لیگ ن، 12 فیصد نے آزاد امیدواروں ، 4 فیصد نے جمعیت علماءاسلام ف،اور 6 فیصد نے کہا کے وہ کسی کو ووٹ نہیں دیں گے۔پلس کنسلٹنٹ کے سروے میں 35فیصد نے پی ٹی آئی اور 26 فیصد نے پاکستان پیپلزپارٹی کو ووٹ دینے کا کہا۔پلس کنسلٹنٹ سروے کے مطابق تحریک انصاف ممکنہ طورپر12 نشستیں جیت جائے گی، پیپلزپارٹی 05 نشستیں ، مسلم لیگ نواز ایک اور آزاد امیدواروں کو دو نشستیں ملنے کی توقع ہے


































