
پاکستان میں پہلی بار دینی مدارس کی رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا، وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبوں میں مدارس رجسٹریشن دفاتر قائم کردیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں میں مدارس رجسٹریشن دفاتر قائم ہوگئے، دینی مدارس کی رجسٹریشن کا باقاعدہ عمل 5 اکتوبر 2020 سے شروع ہوگا، حکومت اور اتحاد تنظیمات مدارس کے معاہدہ کی رو سے مدارس رجسٹرڈ ہوں گے، مدارس کو وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت سے منسلک کیا جائے گا۔ اسلام آباد سمیت 133 اضلاع میں رجسٹریشن مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں صوبائی رابطہ آفیسرز ہوں گے۔ جبکہ پشاور، کوئٹہ، مظفر آباد اور گلگت میں بھی صوبائی رابطہ آفیسرز رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق صوبوں بشمول آزاد کشمیر و جی بی میں ضلعی سطح پر افسران متعین کردیئے گئے ہیں۔ پنجاب میں 35، سندھ میں 24 دفاتر اور رابطہ آفیسرز متعین کیے گئے، اسی طرح خیبر پختونخوا کے 31 اضلاع میں دفاتر اور رابطہ آفیسرز متعین ہیں۔ بلوچستان میں 25، آزاد کشمیر میں 9 اور گلگت بلتستان میں 8 مراکز قائم کیے گئے۔ذرائع نے بتایا کہ درس و تدریس کے ساتھ قیام و طعام والے مدارس کی رجسٹریشن ہوگی۔ پانچوں وفاق کے ساتھ منسلک مدارس کی رجسٹریشن کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مدارس کے مہتمم و ناظمین صوبائی یا ضلعی دفاتر سے رجسٹریشن فارم وصول کریں گے۔


































