
قاہرہ : مصرکی عدالت نے ملک کی سب سے بڑی اسلام پسند جمہوری جماعت اخوان المسلمین کے مرشد عام سمیت 10 رہنماؤں کی عمرقید کی سزا کا فیصلہ برقرار رکھا ہے قاہرہ کی فوج داری عدالت نے 2019ء میں اخوان کے مرشد عام محمد بدیع سمیت 10رہنماؤں کو پولیس اہل کاروں کی ہلاکت اور جیل توڑنے کے مقدمے میں مجرم قرار دے کر عمرقید کی سزائیں سنائی تھیں۔ ان پر مصر کے سابق مطلق العنان صدر حسنی مبارک کے خلاف 2011ء کے اوائل میں احتجاجی تحریک کے دوران سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور جیل توڑنے کے الزامات تھے۔ فوجداری عدالت نے انہیں مصر میں عوامی احتجاجی تحریک کے دوران جیلوں سے 20 ہزار قیدیوں کو فرار کرانے اور فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس اور لبنانی حزب اللہ کے ساتھ مل کر مصر کی قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے الزامات میں قصور وار قرار دیا تھا عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ فیصلہ حتمی ہے اور اس کے خلاف مزید اپیل دائر نہیں کی جا سکتی۔


































