
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام دفاع ناموس رسالتﷺ ریلی نمائش چورنگی تا فرانسیسی قونصلیٹ تک نکالی گئی، جس میں ہزاروں عاشقانِ رسولﷺ نے شرکت کی اور فرانس کی جانب سے کی گئی گستاخی رسولﷺ کے خلاف احتجاج کیا۔ اس موقع پر مقررین نے شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناموس رسالتﷺ پر جان قربان کر دیں گے، لیکن توہین رسالت برداشت نہیں کریں گے، فرانسیسی صدر کے بیان نے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا، جس پر تمام مسلمان سراپا احتجاج ہیں اور یہ احتجاج فرانسیسی صدر کے معافی مانگنے تک جاری رہے گا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ سرکاری سطح پر فرانس اور فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے اور پاکستان سے فرانسیسی سفیر کو نہ صرف ملک بدر کیا جائے، بلکہ فرانسیسی سفارتخانے کو بھی بند کیا جائے، کیونکہ جو گناہِ عظیم فرانس اور فرانسیسی صدر کی جانب سے کیا گیا ہے، اس کی کوئی معافی نہیں ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار کے نام پر مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی کی اجازت دنیا کا کوئی مذہب نہیں دیتا، فرانس میں آزادی اظہارِ رائے کے نام پر جو کچھ مسلمانوں کے جذبات اور اسلام کے ساتھ کیا جا رہا ہے، وہ کسی صورت قابل برداشت نہیں۔
ریلی کے اختتام پر آئی ایس او کے وفد نے علامہ صادق رضا تقوی اور ڈویژنل صدر محمد عباس کی قیادت میں فرانسیسی سفارتخانے کے سامنے مذمتی قرارداد پیش کی اور فرانسیسی پرچم و فرانسیسی صدر کی تصویر نذر آتش کی گئیں۔


































